Jump to content
IslamicTeachings.org

میرا مطالعہ


Bint e Aisha

Recommended Posts

میرا مطالعہ!!ـ

 

عبدالمتین خان زاہد المعروف مولانا زاہد الرّاشدی کا شمار اس دور کے اکابر علمائے دیوبند میں ہوتا ہے۔ موصوف نے درس نظامی کی تکمیل مدرسہ نُصرۃ العلوم گوجرانوالہ سے کی۔ زمانۂ طالب علمی سے ہی جمعیت عُلمائے اسلام میں سرگرم رہے۔ نوّے کی دہائی کے وسط میں تحریکی سرگرمیوں سے کنارہ کَش ہوکر علمی و فکری دائرے تک محدود ہوکر رہ گئے۔ بعد ازاں قلم و قرطاس سے رشتہ جوڑا تو متعدد رسائل کے مُدیر اور چند ایک اخبارات کے کالم نویس بنے۔ حالیہ دنوں موصوف جامعہ نُصرۃ العلوم کے شیخ الحدیث، ماہنامہ الشریعہ کے مُدیر اور روزنامہ اسلام و روزنامہ اوصاف کے کالم نگار ہیں۔

موصوف اپنی مُطالعاتی زندگی کے بارے میں بتاتے ہوئے کہتے ہیں کہ مجھے مطالعہ کی جانب راغب کرنے، مختلف موضوعات پر کتابیں مہیّا کرنے اور میرے مطالعہ کی مسلسل حوصلہ افزائی اور نگرانی کرتے رہنے میں میرے والد محترم مولانا سرفراز خان صفدر، میرے عمّ مکرّم مولانا صُوفی عبدالحمید سواتی اور ماسٹر بشیر احمد بنیادی شخصیات ہیں۔ میں نے اپنا مطالعاتی سفر کا آغاز چودھری افضل حق مرحوم کی کتاب "زندگی، تاریخِ احرار"، مولانا مظہر علی اظہر کی "دُنیا کی بساطِ سیاست"، آغا شورش کاشمیری کی "خُطباتِ احرار" سے کیا۔ بعد ازاں تاریخی ناولوں کی طرف ذہن مُڑ گیا، نسیم حجازی اور محمد اسلم مرحوم کے ناولوں کا مطالعہ کرنے لگا۔

علمی و تحقیقی دُنیا میں متقدمین میں میرے پسندیدہ مُصنّفین میں امام محمّد، امام بُخاری، ابنِ تیمیہ شاہ ولی اللہ جبکہ دورِ حاضر میں مولانا ابوالحسن علی ندوی، چودھری افضل حق، مولانا مودودی، علامہ اقبال، مولانا حفظ الرحمٰن سیوہاروی، مولانا مناظر احسن گیلانی، مولانا مجاہد الاسلام قاسمی، الاستاذ وہبہ زحیلی، مولانا سرفراز خان صفدر، صُوفی عبدالحمید سواتی اور ڈیل کارنیگی سرِفہرست ہیں۔ مولانا علی میاں کی "تاریخِ دعوت و عزیمت، مغرب سے صاف صاف باتیں" نے مجھے بے حدّ متاثر کیا۔ مولانا مودودی کی مغرب پر تنقید بہت جاندار ہے، اُن کی کتابیں "اسلام اور جدید معاشی نظریات، تنقیحات" بہت مؤثر ہیں۔ مولانا مناظر احسن گیلانی کی "امام ابوحنیفہ کی سیاسی زندگی، برّصغیر پاک و ہند میں مسلمانوں کا نظامِ تعلیم و تربیت" شاندار کتابیں ہیں۔ میرے خیال میں مذکورہ تینوں مُصنّفین کی کُتب کا مطالعہ ہر ایک کو کرنا چاہیے۔

اُردو میرے مطالعہ کا اصل دائرہ ہے۔ عربی تدریس کا حصّہ ہے، اس لیے زیادہ تر مطالعہ انہی دو زبانوں میں ہوتا ہے البتہ عربی میں لکھی قدیم تفاسیر کو ہی ترجیح دیتا ہوں، مثلاً "تفسیرِ ابنِ کثیر، تفسیرِ کبیر، تفسیرِ مظہری" مجھے پسند ہیں۔ فارسی سے معمولی شُدبُد ہے، کتابی فارسی تھوڑی بہت سمجھ لیتا ہوں، اس لیے بوقتِ ضرورت اس کے مطالعہ کا موقع بھی مل جاتا ہے۔ پنجابی میری مادری زبان ہے مگر پڑھنے کا موقع کم ہی ملتا ہے، اگر کوئی چیز مل جائے تو شوق پورا کرنے کی کوشش ضرور کرتا ہوں۔ اس کے سوا کوئی زبان نہیں جانتا اور ضروری امور میں تراجم کے ذریعے مقصد پورا کرلیتا ہوں۔

مطالعے کے لیے وقت متعین نہیں ہے۔ مصروفیات میں جو وقت بھی نکل آئے اخبارات و جرائد پر نظر ڈال لیتا ہوں۔ تکیہ کے ساتھ فرشی نشست کو زیادہ پسند کرتا ہوں۔ عام طور پر سیدھا بیٹھ کر پڑھتا ہوں، تھکاوٹ ہو تو نیم دراز ہوجاتا ہوں لیکن لیٹ کر پڑھنے کی عادت نہیں ہے۔ مطالعہ کے لیے تنہائی کی کوشش کرتا ہوں۔ بوقتِ ضرورت شور و شغب میں بھی کام چل جاتا ہے۔ دورانِ مطالعہ کتاب پر نشان لگانے سے گریز کرتا ہوں اور کوئی بات پسند یا ضرورت کی ہو تو نوٹ بُک پر درج کرلیتا ہوں۔ کسی کتاب پر حاشیہ لکھنے کا معمول بھی نہیں ہے۔ زندگی میں اپنے جیب خرچ اور کمائی کا بڑا حصّہ کتاب پر صرف کیا ہے۔ ذاتی اور گھریلو اخراجات کے بعد سفر، کتاب، اسٹیشنری اور ڈاک میری کمائی کے اہم ترین مصارف رہتے ہیں۔

مطالعہ کے ارتقا سے فکر و ذہن کا ارتقا ایک فطری امر ہے۔ میں بھی اس تجربہ سے دو چار ہوا ہوں۔ بہت سی باتیں جن پر ابتدائی دور میں لڑنے مرنے تیار ہوجاتے تھے، اب ہلکی پُھلکی معلوم ہوتی ہیں اور مطالعہ نے رفتہ رفتہ فکر میں توسّع اور تنوّع پیدا کیا ہے، خاص طور پر یہ کہ آج کے حالات میں آزادانہ بحث و مباحثہ کے بغیر کسی بھی مسئلہ میں منطقی نتیجے تک پہنچنا ممکن نہیں ہے اور عالمی ذرائع ابلاغ اور تعلیمی مراکز نے اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں مختلف اطراف سے شکوک و شبہات پیدا کرنے کی جو مہم شروع کر رکھی ہے، اُس کے اثرات سے نئی نسل کو محفوظ رکھنے کے لیے ہمارا روایتی اسلوب کافی نہیں بلکہ اُس کے لیے پائیدار مطالعہ اور ٹھوس تحقیق کی ضرورت ہے۔

( معروف اہلِ علم کی مُطالعاتی زندگی پر مشتمل کتاب "میرا مطالعہ" سے اقتباس)

https://t.me/bookscircle

Link to comment
Share on other sites

Create an account or sign in to comment

You need to be a member in order to leave a comment

Create an account

Sign up for a new account in our community. It's easy!

Register a new account

Sign in

Already have an account? Sign in here.

Sign In Now
×
×
  • Create New...